لاہور (جیوڈیسک) حکومت پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے اشتراک سے آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے فنڈز ریزنگ کے سلسلہ میں آخری میچ آج پاکستان اور پاکستان اے ٹیموں کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ نمائشی میچ میں تمام سٹار کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دینگے۔
صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود کا کہنا ہے کہ ہمیں اس میچ سے چار کروڑ روپے سے امدادی رقم اکٹھی ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ اس سے قبل راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد کے شہروں میں ہونے والے میچز میں لوگوں نے شمالی وزیرستان میں بے گھر ہونے والی افراد کی دل کھول کر امداد کی ہے۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ میچ سمیت سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ عمران خان جھوٹ کی سیاست کا سہارا لیکر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے اپنے صوبے سمیت ملک میں کوئی کام نہیں کیا ہے۔
اگر وہ پنجاب حکومت کی نیک مقصد کے لئے اٹھائے جانے والے اقدام میں وہ اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں وہ آئیں انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔ جہاں تک طاہر القادری کی بات ہے تو انہیں شاید حکومت کے یہ اقدام بھی سازش لگنا شروع ہو جائے۔ لہٰذا ان کو دعوت دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔