اے 320 ائیربس کا نیا طیارہ قومی ائیر لائن میں شامل

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی ایئرلائن کے بیڑے میں دوسرا نیا اے تھری ٹو زیرو ایئربس طیارہ شامل کر لیا گیا، چیئرمین پی آئی اے محمد علی گردیزی کا کہنا ہے ایئرلائن کی بحالی وزیر اعظم نواز شریف اور مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم کے وژن کے مطابق ہو رہی ہے۔

نیا طیارہ شامل کرنے کی تقریب بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد پر ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی آئی اے محمد علی گردیزی نے کہا یہ دوسرا طیارہ ہے جو چھ سال کی لیز پر لیا گیا ، تیسرا اے 320 طیارہ ستمبر میں آئے گا۔ انہوں نے کہا قومی ایئرلائن کے پاس اس وقت نو ٹرپل سیون اور 6 اے ٹی آر طیارے ہیں ۔ پانچ اے ٹی آر سمیت مزید جہاز لیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حج آپریشن کے بعد سیون فور سیون طیارے گراؤنڈ کر دیئے جائیں گے۔ محمد علی گردیزی کا کہنا تھا پی آئی اے کے طیارے پرانے ہونے کی وجہ سے بجٹ کا چھپن فیصد فیول اور سترہ فیصد ملازمین پر خرچ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور مشیر ہوا بازی کیپٹن ریٹائرڈ شجاعت عظیم کے وژن کے مطابق قومی ایئرلائن کی بحالی کا عمل جاری ہے۔