غزہ میں جاری ظلم و بربریت کی پر زور مذمت کر کے پاکستانی حکومت نے جرات کا مظاہرہ کیا ہے، غلام دستگیر خان

Ghulam Dastgir Khan

Ghulam Dastgir Khan

گوجرانوالہ: مسلم لیگ ن کے سینئر راہنماو سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کا اسرائیلی مظالم کے خلاف یوم سو گ منانا امت مسلمہ کے جذبات کی درست ترجمانی ہے، غزہ میں جاری ظلم و بربریت کی پر زور مذمت کر کے پاکستانی حکومت نے جرات کا مظاہرہ کیا ہے،60سے زائد مسلمان ممالک اپنا قبلہ درست کر لیں توکسی کو انکی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہ ہوسکے گی مسلم ممالک کواللہ کی رسی کو مضبوطی سے نہ پکڑنے کی سزا مل رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر پارٹی راہنما ئوں و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے معصوم بچوں ،عورتوں بزرگوں اور جوانوں کی شہادت نے فرعون کے مظالم کی یاد تازہ کر دی ہے افسوس کہ اسرائیلی مظالم پر مسلمان ممالک خا موش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ، وزیر اعظم میاں نواز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منا کر امت مسلمہ کے جذبات کی بھرپور اور درست ترجمانی کی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں طالبان کی کارروائیاں بھی ظلم کی بد ترین شکل ہے افغانستان کو چاہئے کہ نہتے پاکستانیوں کو ہلاک کر نے والوں کو اپنے ملک میں پناہ دینے سے گریز کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی فرماں روا نے وزیر اعظم نواز شریف کو تما م شعبوں میں ہر ممکنہ تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے جو پاکستان کی کامیاب اور متواز ن خارجہ پالیسی کا ثبوت ہے۔