کابل (جیوڈیسک) طالبان رہنما ملا عمر نے افغان جنگ میں کامیابی کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مفتوحہ علاقوں میں ماضی کی نسبت امارات اسلامی کی حکومت زیادہ مضبوط ہے۔
عید کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے اسرائیلی درندگی میں مظلوم فلسطینیوں کی شہادت کی مذمت کی اور فلسطینیوں کے قتل عام پر اسلامی دنیا کے ممالک کی خاموشی کو نا انصافی قرار دیا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے مظالم کی روک تھام کے لیے فوری عملی اقدامات اٹھا نے چاہیں۔
انھوں نے امریکا سے سکیورٹی معاہدے پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملک سے آخری غیر ملکی فوجی نہیں نکل جاتا جنگ جاری رہے گی۔ طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں حالات جنگی لحاظ سے مجاہدین کیلئے سازگار ہیں۔
ملک کے وسیع علاقوں سے جارحیت پسند سمٹ رہے ہیں جبکہ شہری علاقوں میں دشمن کے اہم مراکز ان کے حملوں کی زد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی دنیا اور پڑوسی ممالک کو ایک بارپھر یہ اطمینان دلاتے ہیں کہ ہماری جنگ آزادانہ اسلامی نظام اور اپنے ملک کی آزادی کیلئے ہے۔