کراچی (جیوڈیسک) صوبہ سندھ میں ان دنوں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف آج پیپلز پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی نے لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہراتے ہوئے آج اتوار کے روز ادارے کے مرکزی دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ دیہاتوں میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز کراچی شہر میں ایک طویل بریک ڈاؤن سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے دھرنے میں پیپلزپارٹی کے کارکنان اور ارکان سندھ اسمبلی بھی شرکت کریں گے۔ خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل بندش سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔