راولپنڈی (جیوڈیسک) نشان حیدر پاکستان کاسب سے بڑا عسکری اعزاز شجاعت اورسب سے پہلے یہ تمغہ حاصل کیا پنجاب رجمنٹ کے بہادر سپوت کیپٹن راجا سرور شہید نے۔
انہوں نے پاک وطن کی حفاظت کےلئے دشموں کی گولیوں کواپنے سینہ پر روکا۔ کیپٹن سرور شہید ضلع راولپنڈی کے ایک گاؤں سنگھوری میں 1910 میں پید ا ہوئے۔ 1944 میں پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔
1948 میں کشمیر کے محاذپرغنیم کی یلغار روکنے کےلئے اپنی پلاٹون کے ساتھ دشمن کے مضبوط مورچے کے قریب پہنچ گئے۔ کیپٹن سرور، اوڑی سیکٹرمیں اپنے چھ فوجیوں کے ہمراہ دشمن کے مورچے کے قریب پہنچے اوردستی بموں سےان کے خودکارہتھیار خاموش کرادئیے اور بھاری نقصان پہنچایا۔
زخموں کی پروا کئے بغیر اس بہادر سپوت نےاپنے شہید بندوقچی کی گن اٹھائی اور دشمن پر گولیاں برساتے ہوئے 27 جولائی 1948 کو جام شہادت نوش کر گئے۔
مادر وطن کی خاطر بیرونی دشمنوں کے خلاف جنگ لڑنےوالے کیپٹن سرور شہید آج دہشت گردوں اور اندرونی چیلنجز سے نبردآزماپاک فوج کے جری سپوتوں کے لئے بہادری کی روشن مثال ہیں۔