راولپنڈی میں تیز بارش، کئی محلوں میں پانی گھروں میں داخل

Rawalpindi

Rawalpindi

راول پنڈی (جیوڈیسک) راول پنڈی میں موسلا دھار بارش کے بعد کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئےہیں ، ملک کے بالائی علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

مجموعی طور پر ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی شدت کم ہو گئی ہے راول پنڈی شہر کےمختلف علاقوں ميں موسلادھار بارش ہوئی ، جس سے گرمی کا زور تو ٹوٹا لیکن نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے۔

جن علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوا ان میں امام بارگاہ چوک، جاوید کالونی، صادق آباد ،ڈھوک سیداں،آریا محلہ، کٹاریاں،اڈیالہ روڈ شامل ہیں ، اسلام آباد میں فی الحال بارش کا امکان نہیں ، موسم گرم اور خشک ہے۔ادھر پشاور میں موسم خوشگوار ہے اور گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے۔

ٹھنڈی ہوائيں چل رہی ہيں لیکن تیز بارش ابھی نہیں ہوئی۔ لاہور میں دھوپ نکلی ہے ، لیکن کبھی کبھی بادل سایہ کردیتے ہيں، وقفے وقفے سے کہیں کہيں بوندا باندی ہورہی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر،اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانولہ۔

لاہورڈویژن ، ہزارہ، کوہاٹ، پشاور، قلات ، مکران ڈویژن، سرگودھا، فیصل آباد، بہاولپور، مالاکنڈ، بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری طرف بلوچستان کے علاقے مکران اور قلات ڈویژنوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔ صوبے کے شمالی و جنوبی علاقوں ميں موسم جزوی ابر آلود ہے تاہم کوئٹہ ، نوکنڈی ،دالبندین اور سبی گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔