بالی ووڈ اداکار امجد خان کو مداحوں سے بچھڑے 22 سال بیت گئے

Amjad Khan

Amjad Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار امجد کو دنیا سے رخصت ہوئے 22 سال بیت گئے، مگر ان کا لازوال کردار گبرسنگھ آج بھی زندہ ہے۔

بالی وڈ میں گبر کے نام امر ہونیوالے مشہور اداکار امجد خان 12 نومبر 1940 کوپاکستان کے شہر پشاورمیں پیدا ہوئے اور بالی وڈ میں فلمی کیرئیر کا آغاز 1957 سے کیا۔امجد خان کے لیے 1975ء کا سال کامیابیوں وکامرانیاں کا سال ثابت ہوا جب فلم شعلے میں ان کی جاندار اداکاری نے انہیں راتوں رات سپر اسٹار بنا دیا۔

امجد نے گبر سنگھ کے کردار سے عالمی شہرت حاصل کی جس کے بعد ان کا شمار بالی وڈ کے بڑے اداکاروں میں کیا جانے لگا، انہوں نے انڈسٹری میں ولن کے کردار کو جہت دی۔امجد خان نے فلم شعلے کے علاوہ قربانی ، چرسی ، چکر پے چکر، لاوارث ، نٹروالال ، مقدر کا سکندر ، چمبیلی کی شادی ، محبت اور کالیا سمیت دیگر سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔

انہوں نے ایکشن کے ساتھ ساتھ کئی کامیڈی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور خوب شہرت پائی۔ امجد خان نے 130 فلموں میں کام کیا اور کئی ایوارڈ اپنے نام کئے۔ یہ عظیم فنکار 27 جولائی 1992 میں 51 برس کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کرگیا لیکن ان کا گبر سنگھ کا کردار آج بھی زندہ ہے۔