غزہ (جیوڈیسک) اسرائیلی حملوں سے تباہ حال فلسطین میں بھی آج عید منائی جائے گی، اس موقع پر امریکی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کو فون کیا اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران صدر اوباما نے نومبر 2011 کے جنگ بندی معاہدے کی بنیاد پر علاقے میں غیر مشروط اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ اُدھر اتوار کو غزہ پر اسرائیلی حملے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا، بم باری کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اسرائیل نے یہ اعتراف بھی کر لیا ہے کہ جمعرات کو اس کی فوج نے اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپ پر مارٹر فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں 15 فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے۔
جوابی کارروائی میں حماس کی جانب سے بھی کئی راکٹ داغے گئے جن میں 2 راکٹوں کا نشانہ دارالحکومت تل ابیب بنا جبکہ سرحدی پٹی پر ایک راکٹ حملے میں ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا جس کے بعد ہلاک اسرائیلوں کی تعداد 46 ہو گئی ہےجن میں 43 فوجی ہیں۔ دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی اپیل کے بعد اور عیدالفطر کے موقع پر 24 گھنٹے کی جنگ بندی کے لیے تیار ہے تاہم اب تک اسرائیل نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔