کراچی (خالد عمران ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور لیبر ونگ پاکستان کے صدر زبیر خان نے کہا ہے کہ 14اگست کو آزادی مارچ کے نتیجے میں قوم پہلی بار حقیقی معنوں میں جشن آزادی منائے گی ۔ اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کا نفاذ حکومت کی مکمل ناکامی اور اپنے ہی اداروں پر عدم اعتماد ہے ۔ فوج پوری قوم کا فخر ہے۔
اور وہ شریف خاندان کی بادشاہت اور خاندانی اقتدار کی خواہش پر قوم کے دو بدو آنے کیلئے ہر گز تیار نہیں ہوگی ۔ تحریک انصاف کا آزادی مارچ قوم کی امنگوں کا ترجمان اور دھاندلی زدہ حکومت کیلئے سوہان روح بن چکا ہے۔ جیسے غیر قانونی اور غیر آئینی بیساکھیوں کی مدد سے کسی صورت نہیں رو کا جاسکتا۔ انشاء اللہ پورے ملک کی طرح کراچی واندرون سندھ کے ہر شہر سے عیدکے بعد ایک سونامی اس آزادی مارچ کا حصہ ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف لیبر ونگ کی جانب سے مقامی ہال میں دئیے گئے افطار ڈنر سے قبل آل سندھ ورکرز اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں آئے ہوئے نظر یاتی عہدیداروں و کارکنوں نے بھر پور شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چیئر مین عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ہر حال میں اس آزادی مارچ میں شریک ہونگے اور جب تک اس کے مقاصد حاصل نہیں کرلیتے وہ اسلام آباد سے واپس نہیں لوٹیں گے ۔ اجلاس سے مرکزی سیکرٹیری اطلاعات خالد عمران ،حافظ فضل کریم ، بسم اللہ خان ، نمروز خان ، اجمل مغل ، شاہنواز صدیقی ۔ رفیق خان ، حبیب اللہ اکا خیل ، محمد علی قریشی ، عبدالرحمان کو ہستانی ، رشید ہ خان ، حنا سحر ، اسماء مراد ، فرح اختر ۔ندیم اللہ خان ،ڈاکٹر مصنتصر ،اللہ داد خان ،داد محمد خان ،یار محمد مغیری ،محمد سلیم قاضی ندیم صدیقی اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔
اجلاس میںلیبر ونگ سمیت خواتین ونگ ، یوتھ ونگ ، اسٹوڈنٹ ونگ اور مرکزی پارٹی کے عہدیداروں و کارکنوں نے بھی بھر پور انداز میں شرکت کی زبیر خان نے مزید کہا کہ بھائی بہنوں ، باپ بیٹوں، چچا بھتیجوں اور سسر دامادوں پر مشتمل اس خاندانی حکومت نے ملک سے بیروزگاری، مہنگائی، غر بت او ر لا قانونیت کو ختم کرنے کا کوئی علاج تو نہیں ڈھونڈا البتہ اپنے ذاتی اثاثوں میں اضافوں کیلئے کرپشن، کمیشن اور کک بیکس کے ذریعے حساس اور ناگزیر قومی اداروں کو نجکاری کے نام پر لوٹنے کا وسیع اور مکمل پلان بنا رکھا ہے۔
ملک کے لاکھوں محنت کش اور مزدور اس گھنائو نے منصوبے کی راہ میں آہنی دیوار ثابت ہونگے اور کسی بھی صورت ملک کے کسی ایک بھی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے انہوں نے رمضان کے مقدس مہینے میں معصوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی بر بر یت کی شدید الفاظ میں مز مت کرتے ہوئے کہا کہ ( او آئی سی ) ایک مردہ گھوڑا ہے جو کسی صورت مسلمانوں کا تحفظ نہیں کر سکتا۔ اب مسلمانوںکو اقوام عالم کے سامنے اپنا تشخص اور حیثیت ثابت کرنے کیلئے ان نفس کے مریضوں اور ذہنی غلاموںسے نجات حاصل کرکے آزاد اور خدار ملکوں و قیادت کے ذریعے ایک نیا پلیٹ فارم تشکیل دینا ہوگا۔