علماء فتویٰ کی بجائے تقویٰ کو اپنائیں تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے، جاوید صفدر صمیم

Lala Musa

Lala Musa

لالہ موسیٰ: علماء فتویٰ کی بجائے تقویٰ کو اپنائیں تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے، ملک میں جاری فحاشی، عریانی کی لہر کی وجہ قرآن وحدیث سے دوری ہے، ان خیالات کا اظہار علامہ جاوید صفدر صمیم نے مرکزی جامع مسجد النور ٹھیکریاں میں فہم قرآن و حدیث کورس کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کے بارے میں فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا،اس وقت ہمیں اتحاد کی ضرورت ہے، تمام فرقوں سے بالاتر ہو کر ہمیں دین اسلام کے لیے اپنی خدمات پیش کرنی چاہئیں، کیونکہ یہودوہنود دین اسلام کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے در پے ہیں، اور فلسطین میں مسلمانوں کو بربریت کا نشانہ بنارہے ہیں، اگر مسلمان متحد ہو جائیں تو مٹھی بھر یہودوہنود کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتے ہیں۔

علامہ جاوید صفدر صمیم نے اتحاد امت اور وحدت ملت کا درس دے کر عوام کے دلوں کو جیت لیا، جس پر ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے علامہ جاوید صفدر صمیم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے اس پرُفتن دور میں فہم قرآن وحدیث کورس کا اہتمام کیا اور نوجوانوں میں قرآن وحدیث کی روشنی پیدا کرنے میںاپنا کلیدی کردار ادا کیا۔

جامع مسجد النور ٹھیکریاں میں ہونے والی پروقار تقریب تقسیم اسناد میں ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ، قاری سیف الرحمن افغانی، قاری محمد رفاقت سیالوی، مولانا حنیف سیالوی، قاری کلیم اللہ قادری، قاری محمد ادریس، چوہدری محمداقبال، چوہدری محمدامجد کیلانی، حکیم غلام شبیر، ڈاکٹر گلزار احمد سجاد، عثمان عزیز قادری، چوہدری اعجاز احمد نمبردار، حافظ صدف اقبال،قاری شمریز انور ،قاری غلام مصطفےٰ سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کی افطاری کا چوہدری اعجاز احمد نمبردار کے ڈیرہ پر انتظام کیاگیا تھا۔