اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرنا جمہوریت، سیاسی حکومت کی ناکامی ہے: سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس آئین اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرنا جمہوریت اور سیاسی حکومت کی ناکامی اور فوج کو سیاسی معاملات میں مداخلت کا موقع فراہم کرنا ہے۔

جمہوری حکومیتں سیاسی معاملات کا مقابلہ جمہوری اور سیاسی طریقوں سے کرتی ہیں فوج کو آگے لانا جمہوری قوتوں کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ عید کے بعد اپنا ایجنڈا لے کر عوام کے پاس جائوں گا، ایسا ایجنڈا جس میں ہسپتالوں میں مریض، تھانوں میں مظلوم، تعلیمی اداروں میںطالب علم اور بے بس و بے کس لوگ وی آئی پی ہوں گے۔ اسرائیل امریکی اور مغربی ممالک کی سرپرستی میں فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اسے تسلیم کرانے کے لئے اسرائیلی حکومت فلسطین کے نہتے مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلتی رہتی ہے۔ اسرئیلی مظالم کو روکنے کے لئے امت مسلمہ کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف یو این او اور انسانیت کے علمبردار ممالک کی خاموشی معنی خیز ہے۔ خیبر پی کے مختلف شہروں میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ شدید گرمی اور رمضان میں دس لاکھ لوگوں کو بے گھر کرنے کی حکومت براہ راست ذمہ دار ہے۔

قومی قیادت نے نوازشریف کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا تھا مگر حکومت نے بیرونی دبائو پر عجلت میں آپریشن شروع کر کے قومی امنگوں کا خون کیا تمام وسائل حکومت کے پاس ہیں مگر نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے لاکھوں لوگوں کو مصیبت میں مبتلا کرنے کے بعد ان کا حال تک نہیں پوچھا۔

انہوں نے کہاکہ آئی ڈی پیز کی اگر کوئی مدد ہورہی ہے تو وہ الخدمت فائونڈیشن اور دیگر فلاحی ادارے و تنظیمیں کر رہی ہیں جبکہ حکمرانوں کی نااہلی کا ہر جگہ رونا رویا جا رہا ہے۔