پشاور میں کانگو وائرس پھر سرگرم، رواں سال میں چار افراد کی ہلاکت

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں کانگو وائرس نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے، افغانستان سے آنے والے اس وائرس سے اب تک 10 افراد متاثرہو چکے ہیں جن میں سے 6 کے خون کے نمونوں میں یہ وائرس پایا گیا ہے، ان چھ میں سے چار افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جن میں دو افراد افغان مہاجرین اور دو مقامی ہیں۔

کانگو وائرس کو پھیلنے سے بچانے کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ آئسولیشن وارڈ کی ضرورت ہوتی ہے تاہم حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں تاحال یہ وارڈ قائم نہیں کیا جا سکا، حالانکہ اسی ہسپتال کا ایک اردلی جلیل بھی اس موذی مرض کا نشانہ بن چکا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے پانچ پرائیویٹ کمروں کو آئسولیشن وارڈ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ دس متاثرہ افراد میں سے چار افراد کے نمونوں کے نتائج آنا باقی ہیں جن میں دو افراد کا تعلق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس سے ہی ہے۔

کانگو وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماری ہے، مناسب احتیاطی تدابیر سے اس موذی مرض کی روک تھام ممکن ہے۔