ریاض (جیوڈیسک) خادم حرمین الشریفین شاہ عبداللہ نے کہا ہے کہ بعض مفاد پرست دہشت گردی کا سہارا لے کر اسلام کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس امر کا اظہار عید الفطر کے مبارک موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں، سعودیہ میں مقیم غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ہے، شاہ عبداللہ نے مزید کہا کہ مملکت سعودی عرب نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں تاکہ اپنی مملکت کو محفوظ بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کا موقع خوشی اور روزوں کے اختتام کا موقع ہے،اس موقع پر شاہ عبداللہ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو ان عناصر کے خلاف اپنی جدوجہد تیز کرنا چاہیے جو اسلام کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں اور مسلمانوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ امہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ منحرفین کی رہنمائی کریں جو دجل و فریب کا شکار ہو گئے ہیں۔