گجرات : عالمی تنظیم اہلسنت کے مرکزی رہنما اور ممتاز عالم دین مولانا قاضی امیر حسین وفات پا گئے۔ جمعة المبارک کو صبح 9 بجے عیدگاہ کھاریاں میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی جبکہ دوسری نماز جنازہ بعد نماز جمعہ سہ پہر 3بجے تہی ضلع چکوال میں پڑھی جائیگی۔ مرحوم چند روز قبل ٹریفک حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے تھے اور راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں تین یوم سے زیر علاج تھے۔
مرحوم کی وفات پر ملک بھر کی اہم مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دینی خدمات نصف صدی پر محیط تھیں۔ امیر عالمی تنظیم اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری نے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم کی وفات سے دینی حلقوں میں بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے مرحوم نے کھاریاں اور چکوال میں شاندار دینی مدارس کا قیام عمل میں لایا، وہ ہمیشہ دینی امور میں زبردست کردار ادا کرتے رہے۔
تحریک ختم نبوت اور تحریک ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی مرحوم نے مثالی کردار ادا کیا، اللہ کریم کے حضور دعا ہے کہ وہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام متعلقین کو صبر جمیل مرحمت فرمائے۔ آمین۔