عید الفطر : مری میں ہوٹلوں کے کرایوں، پارکنگ فیس میں اضافہ

Eid al-Fitr

Eid al-Fitr

مری (جیوڈیسک) عید کے چھوتے روز بھی مری کے مختلف علاقوں میں سیاحوں کے میلے لگے ہوئے ہیں۔ رش کے باعث ہوٹلز مالکان نے کرایوں جبکہ پارکنگ فیس میں بھی اضافہ کر دیا۔

گزشتہ دو روز میں مری میں داخل اور واپس آنے والی گاڑیوں کی تفصیلات دنیا نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔ عید اور موسم دونوں کا لطف اٹھانے سیاحوں کی بڑی تعداد مری کا رخ کررہی ہے اور ابھی بھی مری میں 35 سے 40 ہزار کے قریب گاڑیاں موجود ہیں، پنڈی پوائنٹ، کشمیر پوائنٹ، مال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سیاحوں کا میلا لگا ہوا ہے۔

جگہ جگہ کار پارکنگ کی وجہ سے سیاحوں کو پیدل چلنے میں مشکلات ہیں جبکہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوٹلز مالکان نے کمروں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، ایک دن کیلئے ایک کمرہ 15 سے 20 ہزار روپے میں دیا جارہا ہے، ہوٹلز میں پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے اور سیاحوں کو پانی کی فراہمی کیلئے اضافی پیسے دینا پڑرہے ہیں، مری مال روڈ میں صفائی کا بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔

سیاحوں سے کار پارکنگ کی مد میں بھی اضافی پیسے وصول کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ دو روز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ، 60 ہزار، 899 گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں اور 2 لاکھ، 10 ہزار، 533 گاڑیاں واپس آئیں۔

مری اور اسلام آباد ٹول پلازے سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق 30 جولائی کو اسلام آباد سے مری میں کل 1 لاکھ، 28 ہزار، 547 گاڑیاں داخل ہوئیں اور 47 ہزار 490 گاڑیاں مری سے اسلام آباد واپس آئیں۔ 31 جولائی کو اسلام آباد سے مری میں کل 1 لاکھ، 32 ہزار 350 گاڑیاں داخل ہوئیں اور 31 جولائی کو کل 1 لاکھ، 63 ہزار 43 گاڑیاں واپس آئیں۔