میرا نے تھیٹر میں بھی میدان مار لیا، بہترین پرفارمنس پر خوب داد سمیٹی

Meera

Meera

لاہور (جیوڈیسک) فلم اسٹارمیرا نے فلم اورفیشن انڈسٹری کے بعد تھیٹرمیں لائیو پرفارم کرتے ہوئے میدان مار لیا۔

عیدالفطر کے موقع پر اسٹیج ڈرامہ ’’ویلکم میرا‘‘ میں لالی ووڈاسٹار کی بھارتی فلموں کے مقبول گیتوں پر پرفارمنس کو دیکھ کر شرکاء داد دیے بغیرنہ رہ سکے کوریو گرافر توفیق شاہ نے مقبول زمانہ گیت ’’بے بی ڈول‘‘ اورماضی کے مقبول گیت ’’مجھے نولکھا منگوا دے‘‘ کواداکارہ میرا کے لیے تیارکیا جس کی شاندار پرفارمنس کو دیکھ کرجہاں شائقین دنگ رہ گئے، وہیں ساتھی فنکاروں نے بھی بہترین پرفارمنس پر تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ اس سلسلہ میں اداکارہ میرا نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں پہلی اورآخری مرتبہ اسٹیج ڈرامہ کررہی ہوں۔

میرے چاہنے والوں کی یہ 16برس سے خواہش تھی کہ وہ مجھے کبھی اتنے قریب سے دیکھ سکیں جس کوپوراکرنے کے لیے میں نے عیدالفطر پر اسٹیج ڈرامہ کرنے کا فیصلہ لیا تھا یہ اللہ پاک کا خاص کرم ہے کہ شائقین اور ساتھی فنکاروں نے میری بہت حوصلہ افزائی کی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری پرراج کرنے والے لیجنڈ افضال احمد کے تھیٹرمیں پر فارم کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ تھیٹر کو جس طرح سے انٹرنیشنل معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، وہیں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کے باعث مجھے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرناپڑا۔ انھوں نے کہا کہ اپنے کیرئیر کے اتنے برسوں کے دوران مجھے کئی بار اسٹیج ڈراموںمیں پرفارم کرنے کی آفرز ہوئیں لیکن میں نے ہمیشہ انکار کیا۔

اس مرتبہ ڈرامے کے پروڈیوسر قیصرثنا اللہ خان اور راجا شہزاد قمر نے مجھے اس پروجیکٹ کے لیے راضی کرلیا اوراب تک ہمارا ڈرامہ بہت کامیاب جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ میرا نے بتایاکہ بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ایک انگریزی فلم میں بھی کام کرنے کا معاہدہ طے پاگیاہے جس کے بعد وہ لوگ جومیری انگریزی کامزاق اڑایا کرتے تھے ان کو بہترین جواب مل جائے گا۔ دوسری جانب بالی ووڈ میں دونئے پروجیکٹس آفرہوئے ہیں جن کوسائن کرنے کے لیے آئندہ ماہ بھارت جانے کا ارادہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان میں ایک نجی چینل کی طرف سے مجھے پروگرام کی میزبانی کی پیشکش ہوئی ہے لیکن اس حوالے سے میں نے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے کیونکہ اگرمیں پروگرام کی میزبانی کی آفرقبول کرتے ہوئے معاہدہ کرتی ہوں توپھر مجھے بہت سے انٹرنیشنل پروجیکٹس چھوڑنے پڑیں گے جوفی الحال ممکن نہیں ہے۔ آئندہ چند ماہ کے دوران میرے خلاف باتیں بنانے والے اور فقرے کسنے والوں کو ایسا منہ توڑجواب ملے گا کہ وہ حیران رہ جائیں گے میں نے ہمیشہ اپنے مخالفین کا مقابلہ اپنے بہترین کام سے کیا ہے، فضول سوالات کا جواب دینا میری عادت نہیں۔