قرض کی نئی قسط؛ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات رواں ماہ متوقع

IMF

IMF

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ 10 اکتوبر کو واشنگٹن روانہ ہوں گے جبکہ وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے قرضے کی نئی قسط کے حصول کے لیے چوتھے اقتصادی جائزہ کے بارے میں اقتصادی اعدادوشمار کی رپورٹ مرتب کرنا شروع کردی ہے جو رواں ماہ کے وسط تک آئی ایم ایف کو بھجوائی جائے گی۔

وزارت خزانہ حکام کے مطابق وزیرخزانہ دورہ واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور سالانہ اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف اور عالمی بینک حکام کے علاوہ امریکی و دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق امریکی ٹریژری ڈپارٹمنٹ کے حکام کے ساتھ ہونے والی سائیڈ لائن میٹنگز میں دہشت گردی کے خلاف جنگ پر اخراجات (سی ایس ایف) کے بقایاجات کی ادائیگی کے معاملے سمیت دیگر اہم امورپر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔

ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ قرضے کی نئی قسط کے حصول کے لیے بھی مذاکرات رواں ماہ متوقع ہیں جس میں 30 جون 2014 تک کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا جس میں مالیاتی خسارے، ریونیو کے اہداف ،جی ڈی پی گروتھ سمیت آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ دیگر اہداف کا جائزہ لیا جائے گا۔