حکومتی زیادتیوں کے باوجود سازش کا حصہ نہیں بنیں گے: خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

سکھر (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے نواز شریف نے وعدے پورے نہیں کئے۔ سندھ میں 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کر کے ناانصافی کی جارہی ہے۔

سندھ 72 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، زیادتی نہ کی جائے۔ حکومتی زیادتیوں کے باوجود سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔ جمہوریت کسی بھی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ ثناء نیوز کے مطابق سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آصف علی زرداری کے دورہ امریکہ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا یہ دورہ عام روٹین کا حصہ تھا جس کی منصوبہ بندی پہلے ہی کرلی گئی تھی۔ آصف زرداری کا دورہ امریکہ سیاسی نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا حکومت کو سیاسی قوتوں سے بات کرکے ان کے مسائل حل کرنے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا موجودہ جمہوری حکومت کو پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کا حق دینا چاہیے۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا عمران خان کو پارلیمنٹ میں ایک آئینی کردار ادا کرنا چاہیے۔ جولوگ 15 لاکھ کے شہر اسلام آباد کو نہیں سنبھال سکتے انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔ حکومت کو عقل کل بن کر فیصلے نہیں کرنا چاہئے۔ موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرلے، اس کے بعد اسمبلیوں کی مدت چار سال ہونا چاہئے، طاقت کا استعمال درست نہیں، سیاسی مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔

آئی ڈی پیز سمیت پاکستانیوں کو عید مبارک کا پیغام دیتے ہوئے کہا وزیر داخلہ کے پیچھے کون ہے سمجھ نہیں آتا ہم تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور وہ خراب کرنے کی۔ انہوں نے مزید کہا عمران خان اپنی ٹیم کے ساتھ مطالبات کیلئے احتجاج کرتے ہیں تو انہیں روکنا نہیں چاہیے۔ عمران خان کو احتجاج سے روکنا غیرجمہوری عمل ہے۔

آرٹیکل 245 اس وقت لگایا جاتا ہے جب حالات خراب ہوں اور بات ہاتھ سے نکل جائے۔ حکومت کو مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے، عقل کل بن کے فیصلے نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا چوہدری نثار اپوزیشن کے خلاف مسلسل نازیبا الفاظ استعمال کررہے ہیں، ان جیسے دو تین لوگ اور ہوں تو نواز شریف کا پتا نہیں کیا ہو گا، انہیں تو اب شک ہونے لگا ہے چوہدری نثار نواز شریف سے مخلص بھی ہیں یا نہیں۔