آئی ڈی پیز کا پشاور میں جرگہ، کلیئر علاقوں میں واپسی کا مطالبہ

IDS, MPS

IDS, MPS

پشاور (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے قبائلی عمائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ میران شاہ اور میر علی کا علاقہ کلیئر کیا گیا ہے تو وہاں سے نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کے لئے حکومت انتظامات کرے۔

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے قبائلی عمائدین کا جرگہ باغ ناراں پشاور میں ہوا۔ جرگے میں داوڑ قبیلے کے عمائدین اور مشران شریک ہوئے۔ جرگے سے خطاب میں قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ میر علی اور میران شاہ میں ہماری جائیداد، دکانیں، مارکیٹس تباہ ہو گئی ہیں۔

ہمارے جو اثاثے رہ گئے ہیں، ان کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ میران شاہ اور میرعلی کو کلیئر کر دیا گیا ہے تو وہاں کے متاثرین کی واپسی کے لئے انتظامات کئے جائیں۔ جرگہ نے متاثرین کو علاقے کی تعمیر نو اور بحالی کے کام میں بھی شریک کرنے کا مطالبہ کیا۔