گوجرانوالہ: مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ خیالی سونامی سے حکومتیں بنائی یا گرائی نہیں جا سکتیں، قوم یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منائے گی ، عمران خان اور طاہرالقادری فساد کا راستہ اختیار کرنے پر بضد ہیں،14اگست کوٹونٹی ہو یاٹیسٹ میچ فکر مندی کی کوئی بات نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں جشن آزادی کی تقریبات کے افتتاح کے موقع پر یوتھ ونگ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کا آمرانہ طرز عمل اور متکبرانہ لب و لہجہ عوام قبول نہیں کر سکتے ،14اگست کو عوام روایتی جوش و جذبے سے یوم آزادی منائیں گے اور عمران خان اور طاہرالقادری کو بھی راہ راست پر لانے کا پر امن طریقے سے انتظام کر لیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی دعائوں سے نواز شریف کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھے گا اور ترقی کی نئی منزلیں حاصل کرے گا ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان نے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا ہے یہی وجہ ہے کہ ایک مدت کے بعد عیدالفطر پر دہشت گردی کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، تقریب میںسٹی صدر یوتھ ونگ عامر اکرام بٹ،جنرل سیکرٹری حافظ کاشف جاوید،حاجی افتخار مغل،میاں مصدق،ماما شہباز،ذاکر نواب،صفت بٹ،ڈیوڈ ولیم،محمد حسین انصاری،نومی عزیز دل اور دیگر بھی موجود تھے،ا س موقع پر سینئر راہنما نے قومی پرچم لیگی کارکنوں کے حوالے کر کے جشن آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔