صیہونی درندگی کیخلاف امریکا، فرانس، بھارت سمیت کئی ممالک میں مظاہرے

Palestinian

Palestinian

واشنگٹن (جیوڈیسک) اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف دنیا بھر میں انسانیت سراپا احتجاج ہے۔ امریکا، فرانس، ملائیشیا اور وینزویلا میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے ہوئے۔

واشنگٹن ڈی سی میں امریکی صدرکی رہائش گاہ وائٹ ہاوس کے سامنے ہزاروں شہریوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے امریکا کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی امداد کے خلاف اور آزاد فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔

وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں سرکاری سطح پر ہزاروں افراد نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کے خلاف ریلی نکالی۔ فرانس میں گزشتہ ہفتے اسرائیل مخالف ریلی کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے بعد حکومت کی جانب سے پیرس میں ریلی نکالنے کی اجازت دے دی گئی۔

جس کے بعد ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اسرائیلی کی حمایت کرنے پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈرامائی انداز میں فلسطینیوں کے غم کی ترجمانی کی۔ ملائیشیا کے دار الحکومت کو الالمپور میں بھی اسرائیل کی انسانیت سوز کارروائیوں کے خلاف ریلی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء نےاسرائیل کی جانب سے معصوم بچو ں اور عورتوں کے قتل عام کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں عام آدمی پارٹی کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں شمعیں اٹھا رکھی تھیں۔