لاہور (جیوڈیسک) پالیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے لوٹ مار اور کرپشن سے کمائی دولت سوئس بینکوں سے پاکستان میں لانا ہوگی۔ فلاحی کاموں کی آڑ میں کرپشن کے نئے درکھل رہے ہیں۔ ہمیں درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے اسلامی نظام کو نافذ کرنا ہوگا۔
جھوٹی تسلی اور وعدوں سے عوام کی حالت تبدیل ہوئی اور نہ ہوسکتی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو انتہائی مایوس کیا ہے ۔پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے نیک، ایماندار اور صالح قیادت نہایت ضروری ہے۔
موروثی سیاست نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔ عوام کو ملک و قوم سے اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر خدمت کرنے والی مخلص قیادت کو منتخب کرنا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کی باریوں سے لوگ تنگ آچکے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انگریزوں کا قانون رائج ہے۔ سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔