تیز بارش کے باوجود مسائل پیدا نہیں ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے پیشگی اقدامات اور مکمل تیاری کے باعث شہر میں اچانک اور تیز بارش کے باوجود نکاسی آب میں 70 سے 80 فیصد کامیابی ہوئی تاہم چند ایسی جگہیں جو نشیبی ہیں وہاں ڈی واٹرنگ پمپس کام کر رہے ہیں اور بہت کم وقت میں ان علاقوں سے بھی پانی کی نکاسی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

یہ بات انہوں نے شاہراہ پاکستان، شاہراہ نور جہاں، نارتھ کراچی، حیدری، نارتھ ناظم آباد، گرومندر، ایم اے جناح روڈ، کلفٹن، ڈیفنس، باتھ آئی لینڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور سمیت مختلف علاقوں کا دورہ اور وہاں نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ان کے ہمراہ ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ، میٹرو پولیٹن کمشنر سجاد عباسی، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر نے مزید کہا کہ 4 ہزار سے زائد افرادی قوت 100 سے زائد گاڑیوں، ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر مشینری کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے کاموں میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے شہر میں اچانک اور تیز بارش کے باوجود مسائل پیدا نہیں ہوئے۔