ایل این جی درآمد، پیشکشوں کا جائزہ آئندہ ہفتے لیا جائے گا

LNG

LNG

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کی گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وزارت پٹرولیم اور پی ایس او کے حکام آئندہ ہفتے قطر سے یومیہ چار کھرب مکعب فٹ ایل این جی کی در آمد کے لیے اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کروانے والی آئل کمپنیوں کی پیشکشوں کا جائزہ لیں گے۔

اس ضمن میں حکام نے بتایا کہ مذکورہ کمپنیوں کی طرف سے عید سے قبل ٹینڈرز جمع کرائے گئے تھے۔ وزارت پٹرولیم اور پی ایس او کے حکام جس کمپنی کی طرف سے بہتر پیشکش کی جائے گی، اس کی منظوری دیں گے۔

جس کے بعد ملک میں ایل این جی کی درآمد کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ ابتدائی طور پر دو کھرب مکعب فٹ ایل این جی درآمد ہو گی جو کہ جون 2015 تک متوقع ہے۔ وزارت پٹرولیم حکام کے مطابق یومیہ چار کھرب مکعب فٹ ایل این جی کی درآمد کے لیے پی ایس او نے جو ٹینڈر جاری کیا تھا۔

اس میں شیل، برٹش پٹرولیم اور مٹسوبشی سمیت 12 آئل کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی تھی۔ حکام کے مطابق ابتدائی طور پر قطر سے دو کھرب مکعب فٹ ایل این جی درآمد کی جائے گی۔ پورٹ قاسم پر اینگرو انرجی کمپنی کی طرف سے زیر تعمیر ایل این جی ٹرمینل کی گنجائش دو کھرب مکعب فٹ ہے جبکہ سال بعد اس کی استعداد بڑھا کر دوگنا کر دی جائیگی۔