طاہرالقادری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، وزیر قانون پنجاب

Rana Mashhood

Rana Mashhood

لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا مشہود خان نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری ملک میں انارکی پھیلا کر ترقی کو روکنا چاہتے ہیں اس لئے ان کے خلاف بغاوت اور منی لانڈرنگ کیس کی تیاری کی جارہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کو دین اور جمہوریت کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، مشکل کی اس گھڑی میں وہ قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

اور طاہرالقادری اپنے اوراپنے آقاؤں کے مخصوص مقاصد کےلیے پاکستان میں انارکی پھیلا کر ترقی کو روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی تحریک کے سربراہ کیخلاف کیس بنانے کی تیاری کر لی جس کا آغاز آئندہ 3 روز میں شروع ہو جائے گا۔

وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے حواریوں کے عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں، گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کے دوران بلی پوری طرح تھیلے سے باہر آگئی ہے، ان کے لانگ مارچ کا ایجنڈا کسی ملک دوست کا نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اداروں کے استحکام پر سوالیہ نشان لگائے گئے، نواز شریف حکومت نے اربوں کے منصوبے شروع کیے، ایک روپے کی کرپشن نہیں ہوئی لیکن سربراہ عوامی تحریک ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ طاہر القادری کو ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والوں سے کوئی ہمدردی نہیں، انہوں نے پنڈی بھٹیاں میں ہلاک ہونے والے اس شخص کو بھی شہید قرار دے دیا جو دشمنی کی بنا پر قتل کیا گیا تھا، آج پوری قوم ان کا احتساب کرے گی۔