انقرہ (جیوڈیسک) ترکی کے وزیراعظم طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ جو خون بہارہا ہے اُسی میں غرق ہو جائے گا۔ اردن میں بھی فلسطینیوں کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔
اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے خلاف ترکی کا شہر استنبول احتجاج پر اترا آیا، احتجاجی ریلی سے خطاب میں ترک وزیراعظم طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل سے ظلم کا حساب لیا جائے گا، انصاف ضرور ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی یہودی تنظیم نے انہیں خط میں دھمکی دی ہے کہ باز آجاؤ ورنہ امن کیلئے کوششوں پردیا گیا ایوارڈ واپس کرو، میں یہاں ہزاروں لوگوں کے درمیان یہودی تنظیم پرواضح کرنا چاہتا ہوں کہ وہ فلسطینی ماؤں کو قتل کر رہے ہیں تاکہ وہ فلسطینی بچے پیدا نہ کریں۔ طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل جو خون بہارہا ہے اُسی میں غرق ہوجائے گا۔
اردن کے دارالحکومت میں بھی اسرائیل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین امریکا اور عالمی قوتوں سے مطالبہ کر رہے تھے کہ اسرائیل کے مظالم روکے جائیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے ایک اور اسکول پراسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے، جب کہ حماس کے ترجمان سمیع زہری نے واقعہ کی ذمےداری سیکریٹری جنرل بان کی مون پرعائد کر دی ہے۔