پنجاب میں قیمتیں کنٹرول اور ناپ تول کیلیے الگ ڈائریکٹوریٹ بنانے کا فیصلہ

Government Punjab

Government Punjab

فیصل آباد (جیوڈیسک) حکومت پنجاب نے اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناپ تول کیلیے الگ سے ڈائریکٹوریٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا چیف سیکریٹری کی رضا مندی کے بعد محکمہ لیبر نے وزیر اعلی پنجاب کو سمری ارسال کر دی۔

منظوری کے بعد بھرتیاں اور دفاتر قائم کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ لیبر نے وزیر اعلی پنجاب کو سمری ارسال کی ہے کہ محکمہ انڈسٹریز سے پرائس کنٹرول اور ڈائریکٹر جنرل لیبر سے ناپ تول کا اختیار واپس لے کر الگ سے ایک ڈائریکٹو ریٹ قائم کیا جا ئے جو شہر سمیت صوبے بھر میں پرائس کنٹرول اور ناپ تول کا ذمے دار ہو گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ ڈائریکٹوریٹ محکمہ لیبر کے تحت کام کریگا جبکہ اسے محکمہ انڈسٹریز کی اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کر نے کے حوالے سے بھی اختیارات حاصل ہوں گے۔

ذرائع نے بتایاہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب نے بھی اس ڈائریکٹوریٹ کے پروجیکٹ سے اتفاق کیا ہے اور محکمہ لیبر نے بھی محکمہ خزانہ کو اس کیلیے بجٹ مختص کر نے کی درخواست کی ہے۔ محکمہ خزانہ کے بعد یہ سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کی جائیگی جس کی منظوری کے بعد اس ڈائریکٹوریٹ کیلیے بھرتیاں شروع کر کے دفاتر قائم کر دیے جائیں گے۔