اسلام آباد (جیوڈیسک) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پارلیمنٹ کے دفاع کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ آئین کے تحفظ کی قرارداد منظور کرے۔
پیر کے روز قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اچکزئی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے دفاع کے لیے فرنٹ بنانا ہوگا جبکہ جو پارٹی جہاں سے جیتی ہے وہاں اس کا مینڈیٹ ہے، کسی نے آئین توڑا تو اس کے خلاف بغاوت جائز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہر جگہ قتل و غارت ہورہی ہے، ہمارا اپنا ملک غزہ بنا ہوا ہے۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اس موقع پر کہا کہ آرٹیکل 245 کے معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے اور ایوان سے واک آؤٹ پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس نہ ہو تو بات گلی کوچوں تک پہنچ جاتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے کہا کہ اسپیشل برانچ والوں نے دھمکی دی گئی ہے کہ پانچ بجے تک گھر خالی کردیں، ورنہ نظر بند کر دیا جائے گا۔