لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پر اسی صورت میں مضبوط کیا جا سکتا ہے جب جمہوری نظام کو چلنے دیا جائے اور تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت کے استحکام کے لئے کوشش کریں۔
انہو ں نے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں سے اپیل کی کہ وطن عزیز کو اس وقت جن چیلنجز کا سامنا ہے انہیں مدنظر رکھتے ہوئے معاملات کومذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں نہ کہ احتجاج سے ، یہی وقت کا تقاضا اور ملک کی ضرورت بھی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انجمن تاجران ہال روڈ کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جس نے گورنر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے ایک سال کے مختصر عرصے میں ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے۔
گورنر نے تاجروں کو ایف بی آر اور ٹیکسیشن سے متعلق درپیش مسائل کے بارے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔