جی سی یونیورسٹی میں پرچم کشائی، قومی سلامتی و ترقی کیلئے دعا

GC University

GC University

فیصل آباد (جیوڈیسک) جی سی یونیورسٹی میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا۔ پرچم کشائی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی اور جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کی۔

پرچم کشائی کی تقریب میں جی سی یونیورسٹی کے ڈینز ، ڈائریکٹرز اور فیکلٹی ممبران سمیت طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت اورملکی سلامتی و ترقی کیلئے دعا کی۔ یوم آزادی کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرزکے زیر اہتمام یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذاکر حسین نے کہا کہ ہم نے یہ ملک بڑی قربانیوں سے حاصل کیا اب اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں نوجوانوں نے بہت اہم کردار ادا کیا تھا آج بھی اس کو بچانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے نوجوانوں کو اہم کردار اداکرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم کی طرح اچھی لیڈر شپ کی ضرورت ہے۔

محی الدین اسلامک یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحق قریشی نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد اسلام پر رکھی گئی آج نوجوان نسل میں یہ جذبہ نمایاں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کچھ اسی وطن کا ہے ہمیں اس سے محبت کرنی چاہیے۔