فیصل آباد (جیوڈیسک) ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد آرٹس کونسل کے اشتراک سے تحریک پاکستان کی نایاب اورتاریخی تصاویر کی تین روزہ نمائش نصرت فتح علی خاں آرٹ گیلری میں شروع ہوگئی ہے جس کا افتتاح وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے سائنس و ٹیکنالوجی طلال بدر چوہدری نے کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کنور اعجاز خالق، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل طارق جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد ادریس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شازیہ صمدانی، ای ڈی او (کمیونٹی ڈویلپمنٹ) آصف تارڑ و دیگر کے علاوہ طالب علموں کی کثیرتعداد موجود تھی۔ نمائش میں 200 سے زائد تاریخی ونادر تصاویر رکھی گئی ہیں جو تحریک پاکستان کے دوران قائداعظم محمد علی جناح کی مختلف مصروفیات،آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاسوں،مسلمانوں کی انڈیا سے ہجرت اورمہاجر کیمپس کے مناظر کے علاوہ جدوجہد آزادی کے دیگر مختلف مراحل پرمشتمل ہیں۔
طلال بدر چوہدری نے کہا کہ جدوجہد آزادی اور ہمارے قومی ہیروز کے کارناموں پر مشتمل یہ نایاب اورتاریخی تصاویر نئی نسل کو قیام پاکستان کے کٹھن سفر کی داستان سے آگاہ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھرپور جوش وجذبے اور عزم سے جشن آزادی منانے سے قومی یکجہتی کو مزید فروغ حاصل ہوگا جس سے قومی مسائل کو مل جل کر حل کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔ ریذیڈنٹ ڈائریکٹر طارق جاوید نے کہا کہ یہ تصویری نمائش 6 اگست تک جاری رہے گی۔