سہیل تنویر سینٹ لوشیا کی پہلی فتح کے ہیرو بن گئے

Sohail Tanvir

Sohail Tanvir

سینٹ لوشیا (جیوڈیسک) سہیل تنویر نے اپنی شاندار آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت سینٹ لوشیا ذوکس کو کریبین ٹی 20 لیگ میں مسلسل چھ شکستوں کے بعد پہلی کامیابی دلا دی، ایک اور میچ میں جمیکا نے بارباڈوس کو 19 رنز سے زیر کیا۔

لیگ کے 21 ویں میچ میں اینٹی گواہا کسبلز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 16 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے ، سہیل تنویر نے 15 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں سینٹ لوشیانے ہدف 13.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سہیل تنویر نے 12 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 20 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ایک اور میچ میں جمیکا تلاواز نے بارباڈوس ٹرائیڈنٹ کو 19 رنز سے شکست دے دی۔ جمیکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے ، روی رامپال نے چار اور ریاد ایمرٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

بارباڈوس کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوںپر 128 رنز سکور کر سکی۔ شعیب ملک نے 43 گیندوں 81 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔