اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کے وکلاء نے غداری کیس میں استغاثہ کے گواہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد رسول پر جرح مکمل کر لی، عدالت پرویز مشرف کی تین نومبر کی تقریر کی ڈی وی ڈی اور اس کے متن کا موازنہ جمعرات کو کرے گی۔
جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے غداری کیس کی سماعت کی ۔ وکیل صفائی فروغ نسیم نے تفتیشی افسر خالد رسول پر جرح کرتے ہوئے استفسار کیا غداری شکایت فائل ہونے کے چھ دن بعد کس اختیار کے تحت دستاویزات حاصل کی گئیں۔ دستاویزات جمع کرنے کے لئے کون سے افسران زبانی احکامات دیتے تھے۔
خالد رسول نے بتایا کہ خالد قریشی اور ممبر جے آئی ٹی احکامات دیتے تھے۔ خالد رسول نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی ٹیم کی حتمی رپورٹ کی تاریخ کا علم نہیں، تفتیشی ٹیم کے تینوں ارکان کی زبانی ہدایات پر عملدرآمد کیا۔ تفتیشی ٹیم کا اس حد تک حصہ ہوں جتنا نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے۔
خالد رسول نے بتایا کہ خصوصی عدالت میں شکایت درج کرانے کی تاریخ کا علم نہیں ۔ کابینہ ڈویژن سے پی سی او کی نقل 18 دسمبر کو حاصل کی ،علم نہیں تھا 12 دسمبر کو شکایت درج ہو چکی ہے۔
اس کے ساتھ ہی پرویز مشرف کے وکلاء نے استغاثہ کے گواہ خالد رسول پر جرح مکمل کر لی ۔ عدالت نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی 3 نومبر کی تقریر کی ڈی وی ڈی اور اس کے متن کا موازنہ جمعرات کو جبکہ تفتیشی ٹیم کے رکن مقصودالحسن کا بیان کل ریکارڈ کیا جائے گا۔