14 اگست کو مزار قائد پر مرکزی تقریب منعقد ہو گی

Mazar Quaid

Mazar Quaid

کراچی (جیوڈیسک) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ چودہ اگست کو مرکزی تقریب کا انعقاد مزار قائد پر کیا جائے گا اور اس موقع پر مزار قائد کے گرد فول پروف سیکیورٹی کی جائے گی، صفائی ستھرائی، روشنی اور ٹریفک مینجمنٹ کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی رؤف اختر فاروقی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی ٹو حاجی احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ محمد عارف کلہوڑ، نعمان ارشد، شازیہ مرزا، محمد خان رند، انجینئر محمد عارف، ناہید کوثر، محمد احسان، پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران نے بھی شرکت کی۔

کمشنر نے کہا کہ مرکزی تقریب میں اسکولوں کے بچے قومی نغمات اور ٹیبلو پیش کریں گے، اسکولوں کے 24 سو سے زائد بچے تقریب میں شریک ہوں گے، انتظامیہ بچوں میں کھلونے تقسیم کرے گی، رنگ برنگے غبارے اور کبوتر ہوا میں چھوڑے جائیں گے، گورنر اور وزیر اعلیٰ اپنی کابینہ کے ساتھ شریک ہوں گے، اس بار کمشنر یوتھ ٹیم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

رؤف اختر فاروقی نے کہا کہ کے ایم سی جشن آزادی کے پرو گراموں میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دے گی، کے ایم سی کے مختلف اسکولوں کے 12 سو بچے جشن آزادی کے حوالے سے مزار قائد پر منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کریں گے، بچیاں سفید یونیفارم اور گرین دوپٹے میں ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ 12 اگست کو منی ریہرسل جبکہ 13 اگست کو مزار قائد پر فل ڈریس ریہرسل ہوگی۔