تحریک انصاف اور ڈاکٹر قادری کا مؤقف مشترک ہے

Ch Shujaat

Ch Shujaat

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ-ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے عندیہ دیا ہے کہ تحریکِ انصاف اور پاکستان عوامی تحریک ایک ہی راستے پر ہیں اور ان کے کارکنان مارچ کے دوران ایک ساتھ ہوں گے۔

منگل کو لاہور میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہے یہ انقلابی مارچ ہو یا آزادی مارچ سب ایک ہی راستے کو جاتے ہیں، اور دونوں جماعتوں کے کارکنان احتجاج کے دوران ایک ساتھ ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت حقیقی انداز میں نہیں آئی اور اصل جمہوریت صرف انقلاب سے ہی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ فون پر بات ہوئی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ آزادی مارچ میں پی پی پی کے کارکنوں کی شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہی نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت ملک میں موجودہ بحران کی ذمہ دار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں دس اگست کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے مطالبات کی منظوری کے لیے ایک ‘تیسری قوت’ اپنا کردار ادا کرے گی۔