ملتان (جیوڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے اختلافات ضرور ہیں لیکن دونوں جماعتیں جمہوریت اور پاکستان کیلیے متحد ہیں تاہم استعفے ملنے پر الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات ضرور کرائے۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی غیر پارلیمانی گفتگو سے ملک دشمنوں کو فائدہ ہو گا تاہم آزادی مارچ کو نہیں روکیں گے لیکن امن و عامہ کی صورتحال کو ضرور برقرار رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک حالت جنگ میں ہے اسی لیے عمران خان اقتدار کیلئے آئندہ انتخابات کا انتظار کریں اور صبر کا دامن ہر گز نہ چھوڑیں جس کیلئے انھیں بادشاہت نہیں بلکہ اپنی آمرانہ سوچ ختم کرنا ہو گی۔
عابد شیر علی نے کہا کہ طاہر القادری کی رائیونڈ مارچ کی اشتعال انگیز تقاریر بھی نامناسب اور افسوسناک ہیں تاہم پرویز مشرف کے مستقبل کا فیصلہ عدالتیں ہی کریں گی۔