بولی وڈ (جیوڈیسک) میں آج کل ہر اداکار کو گلوکاری کرنے کا شوق چڑھا ہوا ہے، ان میں عالیہ بھٹ، شردھا کپور، اکشے کمار اور سلمان خان شامل ہیں۔ اب یہ خبر ملی ہے کہ اداکار سوناکشی سنہا فلم ‘تیور’ میں پاکستانی نژاد ڈچ گلوکار عمران خان کے ساتھ اپنی گلوکاری کا مظاہرہ کرنے والی ہیں۔
یہ وہی عمران خان ہیں جن کے گانے ایمپلی فائر نے خوب مقبولیت حاصل کی تھی اور اس کے بعد بھی ان کے ہر گانے نے ریکارڈ بنایا تھا۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ سوناکشی سنہا اس سے قبل گلوکار یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ بھی ایک میوزک وڈیو کر چکی ہیں جس کی چند تصاویر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر شائع کی جا چکی ہیں لیکن اس کی ویڈیو ابھی منظر عام پر نہیں آئی۔
اس گانے کے بعد سوناکشی سنہا بولی وڈ کی وہ واحد اداکار ہوں گی جنہوں نے دو بین الاقوامی گلوکاروں کے ساتھ گانا گایا ہوگا۔ فلم ‘تیور’ میں سوناکشی سنہا کے ساتھ مرکزی کردار میں ارجن کپور جلوہ گر ہو رہے ہیں اور اس کے فلمساز اور ہدایت کار ارجن کپور کے چچا سنجے کپور ہیں۔
بولی وڈ میں سوناکشی کی آمد بلاک بسٹر فلم ‘دبنگ’ سے ہوئی جس میں انہوں نے سلمان خان کے مد مقابل مرکزی کردار ادا کیا تھا جس سے نہ صرف اداکار کو فلم انڈسٹری میں منفرد پہچان حاصل ہوئی بلکہ انہیں اس فلم میں بہترین اداکاری پر کئی ایوارڈز بھی ملے۔
چار سالہ فلمی کریئر میں وہ اب تک متعدد فلمیں کرچکی ہیں جس میں اکثریت نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا۔ سوناکشی نے اداکاری کے ساتھ ساتھ آئٹم سانگز بھی کئے، کمرشلز کرنے کے علاوہ کئی کمپنیوں کی برانڈ ایمبیسیڈرز بھی ہیں۔