لاہور (جیوڈیسک) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ایک روز قبل (پیر) ہونے والے اعلیٰ سطح کے پارٹی اجلاس میں تحریک انصاف کے مارچ اور طاہرالقادری کے 10 اگست کے یوم شہدا سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کیا ہے۔
اجلاس کے دوران لیکی رہنماؤں کی اکثریت نے عمران خان اور طاہر القادری کے مارچوں کو اسلام آباد داخل ہونے کی اجازت دینے کی حمایت کی تاہم انھوں نے تجویزدی کہ اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائے۔
اس کا مقصد یہ ہے کہ لانگ مارچ پر کوئی بھی فیصلہ صرف مسلم لیگ(ن) کا نہیں بلکہ تمام جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ محسوس ہونا چاہیئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کو وزیراعظم سے ملاقات میں فضل الرحمن، محمود اچکزئی اور آفتاب شیرپاؤ نے بھی نواز شریف پر زور دیا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کی اجازت دی جائے۔