سید خورشید شاہ کی اسلام آباد میں سراج الحق سے ملاقات

Syed Khursheed Shah,Siraj-ul-Haq,Meeting

Syed Khursheed Shah,Siraj-ul-Haq,Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے آج اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہماری صفیں درست ہوں تو دستانے پہنے ہاتھ کامیاب نہیں ہو سکتے۔

جیسے جیسے چودہ اگست قریب آرہی ہے، سیاسی گہما گہمی اور ملاقاتیں بڑھتی جا رہی ہیں، کون کس کے ساتھ ہے، کون نیوٹرل ہے اور کس کا کردار سب سے اہم ہے، یہ سب ترپ کے پتے ہیں ، جو وقت آنے پر ہی کھلیں گے، لیکن ملاقاتوں کی تیزی ماحول ضرور گرما رہی ہے، ایسی ہی صورتحال میں پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کی، یہ دونوں پارٹیاں، فی الحال نہ اس طرف ہیں نہ اس طرف، نہ ہی اب تک انہوں نے اپنا وزن عمران خان یا نواز شریف میں سے کسی ایک کے پلڑے میں ڈالا ہے، اس وجہ سے یہ ملاقات اہمیت کی حامل تھی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفت گو میں سید خورشید شاہ نے کہا کہ وہ سسٹم کو بچانے کی کوششوں میں ملاقاتیں کر رہے ہيں۔

خورشید شاہ کا یہ بھی کہنا تھاکہ آصف زرداری فکر مند ہیں کہ موجودہ حکومت پانچ سال پورے کرے اور دنیا میں پاکستان کا مذاق نہ بنے، جب سیاستدان مل جل کر فیصلے کرتے ہيں تو کوئی آگے نہیں آتا، بھرپور کوشش ہے کہ سسٹم جیسا بھی ہے چلتا رہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاکہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے حالات کو سدھارنے کی کوشش کرنی چاہیے، عید قرباں سے پہلے قربانی نہ دی جائے، وہ شرعاجائز نہیں ہو گی۔