ملک کو بند کرد ینے کی دھمکی غیر آئینی، غیرقانونی اورغیر اخلاقی ہے، غلام دستگیر خان

Ghulam Dastgir Khan

Ghulam Dastgir Khan

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملک کو بند کرد ینے کی دھمکی غیر آئینی، غیرقانونی اورغیر اخلاقی ہے، عمران خان اقتدار کی ہوس میں باغیانہ روش اپنا رہے ہیں، وہ ملک تو کیا ایک بازار بھی بند کرانے کے قابل نہیں ہیں، انکی پاکستان کو مفلوج بنانے کی خواہش طالبان کی سوچ سے مماثلت رکھتی ہے۔

نواز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر کے ملک کا حال اور مستقبل محفوظ بنا دیا ہے جس کا عمران خان کو صدمہ پہنچا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر سابق صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اخلاق احمد بٹ ،لیگی راہنما میر مظہر بشیر اور دیگر کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 2013ء کے الیکشن کے نتائیج کو قبول کرنے کے بعد ایک صوبے میں اپنی حکومت قائم کر چکے اور قومی اسمبلی میں حلف اٹھا چکے ہیں لیکن اقتدار کی ہوس میں وہ اب مکمل غیر آئینی راستہ اور باغیانہ روش اختیار کر ہے ہیں جسے قوم کسی صورت قبول نہیں کر سکتی، انہیں معلوم ہو نا چاہئے کہ وزیر اعظم بننے کے لئے عوام کا اعتما د حاصل کرنا ضروری ہے اور انکا کام فقط دھمکیوں سے نہیں بنے گا،انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان اور ایٹمی دھماکوں کے بعد ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جاری آپریشن ملکی تاریخ کاتیسرا بڑا کارنامہ ہے اور اس کا کریڈٹ بلا شبہ میاں نواز شریف کو جاتا ہے،نواز شریف کے دانشمندانہ فیصلوں سے پاکستان بہت جلد امن کا گہوارہ بن جائے گاوہ دن قریب آ گئے ہیں جب کارخانوں اور فیکٹر یوں کی چمنیوں سے نکلنے والا دھواں ملک سے بھوک و افلاس کے خاتمے کا سبب بنے گا۔