لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تجربہ کار سیاسی جماعتیں موجودہ حکومت کو پانچ سال کے لئے دیئے گئے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتی ہیں جبکہ فرسٹ ایئر کا سٹوڈنٹ عمران خان انوکھا لاڈلا بنا ہوا ہے اور کھیلن کو چاند مانگ رہا ہے۔
طاہر لقادری کا جہاں تک تعلق ہے ان کو خدا خوفی کرنی چاہئے۔ وہ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرسٹ ایئر والے سمجھتے ہیں کہ حکومت گرا دیں گے اور انہیں حکومت مل جائے گی مگران کو معلوم ہونا چاہئے کہ ووٹ کے ذریعے حکومت حاصل کرنی چاہئے اور ووٹ کے ذریعے حکومت جانی چاہئے۔
عمران خان مت بھولیں کہ گلیوں میں حکومتیں گرا کر جو حکومتیں بنتی ہیں وہ بھی گلیوں میں گر جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا الزام تو امریکہ میں بھی لگتا ہے اس کے نتیجے میں کسی حکومت کو گرانے کیلئے سڑکوں پر آنا غیر سیاسی حرکت ہے۔ نواز شریف کو عوام نے پانچ سال حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔ انہیں پچھلی حکومت سے دہشت گردی اور بجلی کے بحران کے خلاف تباہ حال معیشت ملی لیکن انہوں نے ملک کو ان مسائل سے نکالنے کے لئے بھر پور اقدامات کئے ہیں لیکن اس کے نتائج ایک سال میں نہیں نکل سکتے۔
بے صبر ے خان کو تین سال انتظار کرنا چاہئے اگر تین سال میں حکومتی اقدامات کا کوئی نتیجہ نہ نکلے تو پھر مڈ ٹرم الیکشن کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے اور احتجاج بھی بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ انہوں نے خیبر پی کے میں کیا حکومتی کارکردگی دکھائی ہے جو ہم نہیں دکھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی 85 اور 88 کی کارکردگی نے انہیں 1990ء میں وزیر اعظم بنایا، بھارت میں مودی وزیزاعظم بنے۔