ٹوکیو (جیوڈیسک) جاپان کے شہر ہیروشیما پرایٹم بم حملے کو 69 سال ہو گئے، سانحے میں مرنے والوں کی یاد میں ہیرو شیما میں تقریب منعقد کی گئی۔ 6 اگست 1945 کی صبح آٹھ بج کر پندرہ منٹ پر جاپان کے شہر ہیروشیما پرامریکی طیارے سے ایٹم بم پھینکا گیا، جس نے چند لمحوں میں شہر پر قیامت ڈھا دی تھی۔
ایٹم بم کے حملے میں ابتدائی طور پر ایک لاکھ 40ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، بعد میں یہ تعداد دو لاکھ ہو گئی۔ واقعے کے 69 سال ہونے پر اس سانحے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ہیروشیما میں تقریب منعقد کی گئی۔
ہزاروں افراد پیس میموریل پارک میں جمع ہوئے اور چند لمحوں کی خاموشی اختیار کی۔ شرکا میں حملے کے متاثرین، جاپانی حکام اور غیر ملکی مندوبین کے علاوہ امریکی سفیر بھی شامل تھے۔