کارکن گرفتاریوں کی کوشش پر تھانوں کا گھیراؤکریں، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے اپنے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ اگر پولیس پارٹی کارکنوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کرے تو تھانوں کا گھیراؤ کیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے صدر پنجاب اعجاز احمد چوہدری اور ریجنل صدر ساؤتھ پنجاب نورخان بھابھہ کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈرز نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں عہدیداروں نے جنوبی پنجاب میں آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے عمران خان کو بریفنگ دی۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں میں رجسٹریشن کیمپ لگائیں اور آزادی مارچ کی بھرپور تیاری کریں۔

اگر حکومت اور انتظامیہ نے صوبے بھر میں پارٹی عہدیداران اور کارکنان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو پارٹی کارکنان پُرامن طریقے سے تھانوں کا گھیراؤ کریں۔ رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی نے بھی عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی اور اعجاز جنجوعہ بھی موجود تھے۔

عمران خان نے جمشید دستی کو آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دی جو جمشید دستی نے قبول کر لی۔ جمشید دستی نے مظفر گڑھ کے صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت عمران خان نے دی ہے۔ دوستوں اور عوام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرونگا۔

عمران خان سے فیصل آباد کے 2 سابق ایم پی ایز سمیت چار لیگی رہنماؤں نے ملاقات کر کے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جڑانوالہ سے سابق ایم پی اے میجر ریٹائرڈ عبدالرحمان رانا، ساہیوال سے سابق ایم پی اے جلال دین ڈھکو۔

سابق ایم پی اے قمرالزمان کی اہلیہ پروین زمان اور (ق ) لیگ کی صوبائی نائب صدر زرینہ رانا نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انھوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔