جمہوری قوتیں عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں: وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد(جیوڈیسک) ایک بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دوسری جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ، مسائل کا حل صرف مذاکرات اور جمہوریت کے ذریعے نکل سکتا ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا سیاست کی بنیاد نفرت یا چپقلش پر نہیں، باہمی احترام اور جمہوری اصولوں پر مبنی ہونی چاہئیے۔ اس سے پہلے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے عمران خان سے ہونے والی بات چیت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملک میں آئین اور جمہوریت کے استحکام کی مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک میں کچھ ہو نہ جائے اس لئے مختلف آپشنز پر کام کیا جا رہا ہے۔

ملک میں کھنچاؤ اور تناؤ کی صورتحال سے دوچار ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کام مطالبہ اور احتجاج ہے، مسائل کے حل کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔ دیکھنا ہو گا کہ وفاقی حکومت مسائل کو کس طرح حل کرتی ہے، کراچی اور فاٹا میں دھاندلی حیدر آباد میں ظلم اور الیکشن کمیشن کی ناکامی پر ہمیں بھی تحفظات ہیں۔