نیو یارک (جیوڈیسک) انسانی حقوق کے ایک گروپ سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے) نے صدر بارک اوباما کی جانب سے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو اگلے مہینے امریکی دورے کی دعوت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ باضابطہ دعوت ایک ہفتہ قبل امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دی تھی۔ یاد رہے کہ بش انتظامیہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کے تحت 2005 میں مودی کا ویزہ منسوخ کر دیا تھا۔
اب ایس ایف جے نے ایک تحریک جمع کرائی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ وائٹ ہاؤس نے کس طرح مودی کو امریکا آنے کی اجازت دی۔ تنظیم نے ایک پریس ریلیز میں کہا ‘امریکی حکومت نے ریاست گجرات میں قتل عام اور انسانی حقوق کی سنجیدہ خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے پر اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کا ویزہ 2005 میں منسوخ کر دیا تھا’۔
گروپ کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ مودی نے ستمبر ، 2014 میں امریکا پہنچنا ہے اور وائٹ ہاؤس میں ایک اجلاس میں شرکت طے ہے، لہذا یہ انتہائی ضروری ہے کہ عوام کو معلوم ہو کہ کس امریکی قانون کے تحت مودی کو ویزہ دینے پر پابندی ختم کی گئی۔