لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ سیاسی معاملات کو ریاستی طاقت کے بجائے بات چیت اورافہام وتفہیم سے حل کیا جائے۔
ایم کیو ایم کے جاری کردہ اعلامیئے کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایم کیوایم کوہفتہ کو قومی سلامتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اورانہوں نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے گزشتہ روز ایوان وزیراعظم میں ایم کیوایم کے وفدکی آمد اور اصولی مؤقف پر الطاف حسین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جمہوریت کے فروغ، پارلیمنٹ کے استحکام اور آئین کی بالادستی کے لئے الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ کے کردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اورپارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے ایم کیوایم کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت تمام سیاسی وقومی معاملات کو سیاسی انداز میں بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی خواہشمند ہے اورقومی سلامتی کانفرنس کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے قومی سلامتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا تقاضا ہے کہ سیاسی معاملات کو ریاستی طاقت کے بجائے بات چیت اورافہام وتفہیم سے حل کیا جائے اورسیاسی مخالفت میں تلخیاں اتنی نہ بڑھائی جائیں کہ واپسی کی گنجائش ہی نہ رہے۔