رواں سال پاک بھارت مختصر سیریز کی راہ ہموار ہونے لگی

Pakistan,India

Pakistan,India

نئی دہلی (جیوڈیسک) رواں سال پاک بھارت مختصر سیریز کی راہ ہموار ہونے لگی، 3 ہفتے بعد دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریز کی ملاقات میں چند ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے پیش رفت کا امکان روشن ہے، روایتی حریفوں کے مابین مقابلے بھارت یا یو اے ای میں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال پاک بھارت مقابلوں کیلیے کرکٹ بورڈز کی بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے ،اگر مصروفیات کے سبب ایسا ممکن نہ ہوسکا تو دونوں ملکوں کی ٹیموں کے مابین چند ون ڈے اور ٹوئنٹی 20میچز کی یہ سیریز آئندہ سال کے آغاز میں بھی شیڈول کی جاسکتی ہے،دوستی کی فضا پروان چڑھانے کیلیے دونوں ممالک کے سیکریٹری خارجہ 3 ہفتے بعد اسلام آباد میں ملاقات کر رہے ہیں، اس دوران کرکٹ معاملات پر بھی پیش رفت متوقع ہے۔

بی سی سی آئی ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی اپنے ہم منصب نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد سے دونوں بورڈز باہمی مقابلوں کے حوالے سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں، مجوزہ مختصر سیریز بھارت میں کرائی جا سکتی ہے۔

دوسری صورت میں یو اے ای کا آپشن بھی موجود ہوگا، میزبانی کا موقع ملا تو ایک میچ دہلی میں ضرور رکھا جائے گا، اس موقع پر دونوں ممالک کے سیاسی رہنما بھی آئیں گے،ہوسکتا ہے کہ وزرا اعظم بھی موجود ہوں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع نے کہاکہ کرکٹ امن کے فروغ میں اہم کردار اد کرسکتی ہے، کھیلوں کے تعلقات کی بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، البتہ یہ معاملہ خارجہ سیکرٹریز کی میٹنگ کے دوران زیر غور لایا جاسکتا ہے۔

اس حوالے سے سابق پاکستانی کپتان ظہیر عباس نے کہاکہ چند روز قبل میں بطور مینجمنٹ کمیٹی رکن پی سی بی میں موجود تھا، اس دوران مختصر پاک بھارت سیریز کی بات ہو رہی تھی،ایشین بریڈ مین نے کہا کہ پاک بھارت مقابلے ہمیشہ ہی توجہ کا مرکز بنتے ہیں،باہمی سیریز کا سلسلہ جلد شروع ہونا چاہیے۔