پاکستانی فورسز کے بہتر رویئے پر ان کا شکرگزار ہوں، رہائی پانے والا بھارتی فوجی

Stayshal Yadav

Stayshal Yadav

لاہور (جیوڈیسک) دریا میں بہہ کر 2 روز قبل پاکستان آنے والے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکار کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس کے ساتھ توقع سے زیادہ اچھا سلوک کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے رہا کرنے کے بعد بھارت روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی ایس ایف کے اہلکار ستیشیل یادو کا کہنا تھا کہ دریائے چناب میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے اس کی کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی تھی تاہم اس کے ساتھی تیراکی میں ماہر ہونے کی وجہ سے بھارتی حدود میں ہی دریا سے نکل گئے لیکن وہ دریا میں بہتا ہوا پاکستان رینجرز کی چوکی کے قریب پہنچ گیا جہاں رینجرز کے جوانوں نے اسے بچایا۔

بھارتی اہلکار کا کہنا تھا کہ حراست کے دوران پاکستانی اہلکار اس کے ساتھ توقع سے زیادہ اچھے طریقے سے پیش آئے اور تعارف کے بعد وہ جتنی مدد کرسکتے تھے انہوں نے اتنی کی۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کا شکرگزار ہے کہ بھارتی فوجی ہونے کے باوجود وہاں میرے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا گیا۔