حیدرآباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما زبیر خان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوچکی ہیں، ملک میں کبھی حقیقی جمہوریت نہیں آئی، ہمیشہ فوجی اور سول آمریت ہی رہی ہے، عمران خان کرپٹ نظام کے لئے چیلنج بن گئے ہیں، سندھ کے عوام آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے، وہ حیدرآباد پریس کلب میں دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
زبیر خان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا راگ الاپ رہی ہیں لیکن ملک میں کبھی حقیقی جمہوریت ہی نہیں ہے کیونکہ ہمیشہ پاکستان میں فوجی اور سول آمریت ہی رہی ہے، انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کی خاطر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوچکی ہیں، ان کا مقصد جمہوریت کا تحفظ نہیں بلکہ کرپٹ نظام کو بچانا ہے، عمران خان اور تحریک انصاف اس پورے کرپٹ نظام کے لئے ایک چیلنج بن چکے ہیں، حکمران عوامی مفادات کی بجائے اپنے مفاد کی آئینی شقوں پر عمل کرتے ہیں، موجودہ نظام میں رہتے ہوئے ملکی ترقی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ ماضی میں بھی متعدد اے پی سی ہوچکی ہیں لیکن ان کے بھی کوئی فائدے نظر نہیں آئے، انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی حکومتیں ملک میں کبھی بلدیاتی انتخابات نہیں کراتیں کیونکہ بلدیاتی انتخابات کے بعد تمام فنڈز نچلی سطح پر منتقل ہوجاتے ہیں اور ایم این اے اور ایم پی ایز کے ہاتھ کچھ نہیں آتا، ملک میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے سے تمام فنڈز ایم این اے اور ایم پی ایز کو فراہم کئے جاتے ہیں جو ترقیاتی کام کرانے کی بجائے تمام فنڈز ہڑپ کرجاتے ہیں۔
زبیر خان کا کہنا تھا کہ 14 اگست کو آزادی مارچ ہر حال میں ہوگا، اب نواز شریف کے استعفے اور نئے الیکشن کمیشن کے ذریعے شفاف انتخابات کے انعقاد سے کم بات ہر گز قبول نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سندھ تاحال محرومیوں کا شکار ہے، اس لئے سندھ کے لوگ بھی اب پورے پاکستان کی طرح عمران خان اور تحریک انصاف کو اپنی امیدوں کا محور سمجھتے ہیں اور وہ بڑی تعداد میں آزادی مارچ میں شرکت کرکے نئے پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔